
کراچی:ترجمان سندھ حکومت، مشیر ِ قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو طبی سہولت نہ دے کر حکومت نے آمرانہ مثال قائم کر دی ۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ناساز طبیعت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت سے رہنمائوں و کارکنان کی ملاقاتوں پر پابندی پر تشویش ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے حکومتی اقدامات پر شدید تحفظات اور اس عمل کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جیل میں سہولیات نا پید کر کے اور دل کے مریض کو طبی سہولیات نہ دیکر آمرانہ مثال قائم کی ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا ہے کہ سابق صدر مملکت کے ساتھ حکومت کا یہ سلوک قانون سے ماورا ہے، جنگل کا بھی کوئی قانون ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ہوش کے ناخن لے اور آئین و قانون پر عمل کرے، پی پی پی قیادت کو کچھ ہوا تو ذمہ دار نازی حکومت پر عائد ہوگی۔