
مکہ مکرمہ: غسلِ کعبہ کی مبارک رسم آج خانہ کعبہ میں ادا کی جائے گی۔ غسلِ کعبہ کی رسم گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل، خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں انجام دیں گے۔ اس رسم کی ادائیگی کے وقت مکہ کے نا ئب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان، مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدلرحمان السدیس، سعودی عرب میں متعین مسلم سفارتکار، ممتاز علماء، وزرا، کلید برداران کعبہ اور مقامی شہری شریک ہوں گے۔
اس موقع پر کعبہ کو عرقِ گلاب سے معطر آب زم زم سے غسل دیا جائے گا اور اس کی اندرونی دیواروں کو بھی معطر پانی سے دھویا جائے گا۔ سبق نیوز ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے بتایا ہے کہ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی یہ رسم سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے دور میں شروع کی گئی تھی، بعد میں تمام سعودی فرمانروا اس مبارک رسم کو نبھاتے رہے اور اب موجودہ دور میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس رسم کو ادا کر رہے ہیں۔