
لاہور: انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم طلحہ شاہ زیب کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نےغیر قانونی طریقے سے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو بیرون ملک بھیجتا ہے، ملزم سے شہریوں کی35 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرنی ہے، شریک ملزمان کو بھی گرفتار کرنا مقصود ہے۔ایف آئی اے نے عدالت سے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا تاہم عدالت نے4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل لاہور نے ایک روز قبل یونان کشتی حادثہ کیس میں کارروائی کرتے ہوئے طلحہ شاہ زیب کو گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ایجنٹ نے متاثرہ فیملی سے ان کے بیٹے زاہد کو یونان بھجوانے کے لیے 35 لاکھ روپے وصول کیے تھے اور اسے لیبیا میں مقیم اپنے ماموں کے پاس بھجوایا تھا۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے طلحہ کی نشاندہی پر اس کے والد عابد حسین کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم عابد حسین بیٹےکی گرفتاری کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے کے بعد سے ملک بھر میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ یونان کشتی حادثے سے متعلق تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔