پاکستان کی حدودمیں بھارتی طیارے گرانے کا سال مکمل ہونے پر 27 فروری ’’سرپرائز ڈے‘‘ کے طور پر منایا گیا۔ذرائع کے مطابق 27 فروری کو بھارت کے دو جنگی طیارے گرانے کا سال مکمل ہونے پر ’’سرپرائز ڈے‘‘ پر اپنے پیغامات میں وزیراعلی پنجاب اور دیگر نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر سال 27 فروری کو تاریخی دن کے طور یاد رکھے گی اور ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان فضائیہ کے شاہینوں نے دو بھارتی جنگی طیارے تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملایا تھا۔ اور پاکستانی شاہینوں نے بھارتی طیارے تباہ
کرکے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو زندہ گرفتار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ27 فروری کا دن بھارت کیلئے ندامت کے سواکچھ نہیں ہے۔ پاکستان شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے جہاز گرا کر پورے بھارت میں صف ماتم بچھا دی تھی۔
جنگی طیارے تباہ کرکے پاکستان نے دشمن کو وہ سرپرائز دیا جسے وہ ہمشہ یاد رکھے گا۔ کیونکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں کو پوری پاکستانی قوم سر پرائز ڈے پر سلام پیش کرتی ہے۔









































