
مصر میں ایک ہوٹل نے امریکی ریپر کے وفد کے ساتھ آنے والی اسرائیلی ماڈل کو ہوٹل سے نکال دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب مصر ی ہوٹل کی انتظامیہ کو معلوم ہوا کہ امریکی ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ساتھ ایک اسرائیلی ماڈل بھی آئی ہیں، ماڈل کی قومی شناخت جاننے کے بعد ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے انہیں فوری ہوٹل سے جانے کا کہاگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ماڈل کا نام ر پر شے ژانکو ہے جنہیں مصر کے شہر قاہرہ میں ریپر کے وفد میں شامل ہونے کیلئےمدعو کیا گیا تھا اور اسرائیلی ماڈل اپنے وفد کے ساتھ ہوٹل میں مقیم تھیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ماڈل کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے رویے پرانہیں بہت بےعزتی محسوس ہوئی ہے جس کی وجہ وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں، ماڈل نے بتایا کہ وہ ہوٹل سے سیدھا ائیر پورٹ کیلئے روانہ ہوئی اور وہاں سے پیرس جانے والی واحد پرواز لی ۔
دوسری جانب اس حوالےسے مصر کے چیمبر آف ہوٹل اسٹیبلشمنٹ نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت سیاحت یا مصری اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی قومیت کے ہوٹلوں میں داخلے کو روکنے کے لیے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم جو واقعہ ہوا ہے اس پر ہوٹل کو سزا دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اہرام آف گیزا میں28 جولائی کو ہونے والا امریکی ریپر کا انتہائی متنازعہ کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے کہا جارہا ہے کہ یہ کنسرٹ مصری عوام کی ثقافتی شناخت کے خلاف ہے۔