صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 53 تک جاپہنچی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج سکھر سے آئے ہوئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 13 مثبت آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکھر میں 293 زائرین تفتان سے آئے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور مزید ادویات اور اسٹاف سکھر بھیج رہا ہوں۔
قبل ازیں محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تین مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے واپس آئے تھے جب کہ ایک مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔
بعد ازاں سندھ کے حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ گزشتہ رات بلوچستان سے کراچی آنے والے شہری کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد آج کراچی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔









































