4 بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی سیما کو بالی وڈ پروڈیوسر امیت جانی نے فلم میں ہیروئن کے کردار کی پیشکش کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیما کو یوپی کے پروڈکشن ہاؤس ’ جانی فائر فوکس ‘ کی جانب سے فلم کی آفر کی گئی ہے تاہم یہ فلم سچن اور سیما کی لو اسٹوری کی کہانی کے بجائے راجستھان میں قتل کیے جانے والے ٹیلر کنہیا پر بنائی جائے گی۔
اس سے قبل سیما اور سچن نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ضروریات زندگی پوری کرنے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے جس کیلئے وہ خاصی جدوجہد کررہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پروڈیوسر امیت جانی سیما سچن کی لواسٹوری سے متاثر ہیں جس کے بعدان کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے انھوں نے سیما سچن کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا تاہم بتایا جارہا ہے کہ سچن اور سیما نے فی الحال فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیما فلم میں بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ کی افسر کا کردار نبھائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی آفرز ملنے کے بعد سیما سچن نے فلم ڈائریکٹرز جیانت سنہا اور بھرت سنگھ سے بھی ملاقات کی ہے۔
سیما حیدر کا سیما سچن بننے کا سفر واضح رہے کہ بھارتی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر بھارت جانے والی پاکستانی خاتون اور 4 بچوں کی ماں سیما حیدر اب سیما سچن بن چکی ہے۔
سیما نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ کراچی میں8 سال سے رہ رہی تھی، موبائل گیم پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نووائیڈہ کے سچن سنگھ سے دوستی ہوئی اور پھر آڈیو ، ویڈیو کالز کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
سیما دو بار کراچی سے دبئی کے راستے نیپال پہنچی، پہلی بار اکیلی کراچی سے دبئی اور پھر 13 مارچ کو نیپال پہنچی جہاں اس کی سچن سے ملاقات ہوئی، دونوں نے شادی بھی کرلی، فیصلہ ہوا کہ سیما اپنے بچوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوجائے، 17 مارچ کو سیما واپس پاکستان پہنچ گئی اور اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کا پاسپورٹ بنوایا۔
سیما نے ایک ٹریول ایجنٹ کے ذریعے 10 مئی کو کراچی سے دبئی اور وہاں سے نیپال کا ٹکٹ بک کرایا، پھر نیپال سے بس کے ذریعے نئی دہلی اور وہاں سے دوسری بس سے 13 مئی کو نووائیڈہ سچن سنگھ کے پاس پہنچ گئی، سیما کا کہنا ہے کہ سچن نے اسے اس کے چاروں بچوں سمیت اپنایا ہے۔
سیما اپنے چاروں بچوں 5 سالہ فرحان، 4سالہ فریحہ، 2سالہ فرح، 8 سالہ فروا کے ساتھ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مقیم تھی جب کہ اس کا شوہر غلام حیدر روزگار کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے، سیما کے اس طرح بچوں کے ساتھ پاکستان چھوڑ کر جانے پر غلام حیدر نے اپیل کی ہے کہ اس کے بچے اسے واپس دلوائے جائیں۔









































