
مملکت میں مقیم پاکستانی ڈرائیورز کی گنتی لاکھوں میں ہے۔ تاہم چند ایک پاکستانی ڈرائیورز ایسے جرائم کرتے ہیں جن کے باعث پاکستان کی بھی رُسوائی ہوتی ہے اور وہاں پر مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے سربھی شرم سے جھُک جاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک شرمناک جُرم ایک پاکستانی نے کر ڈالا ہے جس نے اپنے کفیل کی بیٹی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی ، مگر جب اپنی اس شیطانی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکا تو اسے چھُری کے متعدد وار کر کے زخمی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہو گیا۔
35 سالہ پاکستانی ملزم ایک کفیل کے گھریلو ڈرائیور کے طور پر ملازمت کرتا تھا۔
آج صبح فجر کے وقت وہ کفیل کی 21 سالہ بیٹی کو گاڑی میں الشرائع کے علاقے میں واقع ایک گھر چھوڑنے جا رہا تھا۔ تاہم راستے میں اُس کی نیت خراب ہو گئی اور وہ گاڑی ایک ویران مقام پر لے گیا اور وہاں گاڑی روک دی ۔ جب لڑکی نے خطرے کو بھانپ کر اُس سے بحث تکرار کی مگر ہوس کے مارے ڈرائیور نے اچانک اُس پر جنسی حملہ کر دیا اور اُسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم لڑکی کی جانب سے مزاحمت کیے جانے پر پاکستانی ڈرائیور مشتعل ہو گیا پہلے کفیل کی بیٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اورپھر اُسے اپنے پاس موجود چھُری کے کئی وار کر کے شدید زخمی کر ڈالا۔