
لاہور:الخدمت فائونڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس الخدمت کمپلیکس میں اختتام پذیر ہو گیا۔
مرکزی صدرمحمد عبد الشکور کی زیر صدارت جنرل کونسل کے اجلاس کے آخری روز الخدمت فائونڈیشن کے پروگرامز آفات سے بچائو ،صحت عامہ، تعلیم، صاف پانی، کفالت یتامیٰ ، مواخات اور سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹرز نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا اجلاس میں جائزہ لیا گیااس کے علاوہ آئندہ کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی۔اجلاس سے خطاب میں محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک بڑا نام بن چکی ہے ۔ الخدمت مستحق اور نادار افراد کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے لئے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
الخدمت کی معاشرے کے محروم طبقے کے لئے کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔اس کے علاوہ شعبہ سماجی خدمات کے تحت امسال قربانی پراجیکٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان اور کراچی سمیت روہنگیا اور شامی مہاجرین کیمپس میں 2823 جانورقربان کئے گئے جس سے مجموعی طور پر 97 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوئے۔اجلاس کی صدارت الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبد الشکورنے کی۔
ان کے علاوہ سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال،ریجنل صدور ، سیکرٹریز اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور بھی شریک ہوئے۔