
حکومت کی جانب سے عوام پر پیٹرول بم گرائے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد میمز کی بھی برسات ہوگئی۔
سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کو ملک میں پیٹرول کی نئی قیمت سن کر بانی پاکستان قائد اعظم کی یاد آگئی، انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ’بانی پاکستان قائد اعظم، سر پاکستان آپ کو بہت یاد کرتا ہے‘۔
رابی نے لکھا کہ ’ہمارے پاس اب کوئی قیادت، کوئی وژن نہیں، ہم اب ایک قوم نہیں رہے، ہم صرف ان لوگوں کا ٹولہ ہیں جو مادر وطن سے زیادہ اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں‘۔
اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے ٹوئٹ میں غصے کا اظہار کیا اور کہا ‘پاکستان کی ترقی میں ہی ہے سب کی ترقی ہے، بس کردو ظالمو دھرتی ماں کو جینے دو پھلنے پھولنے دو، لوگوں کو سانس لینے دو’۔
یوٹیوبر و اداکار ارسلان نصیر نے لکھا کہ’ملک سے غربت ختم کرنی ہے یا غریب؟‘
اداکارہ و میزبان مشی خان نے پیٹرول کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت اور حکومت کی جانب سے ملک میں غریب شہریوں پر ظلم پر کہا کہ ’آپ سب اتنے پریشان کیوں ہیں؟‘
انہوں نے عوام پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ’ابھی بھی پیٹرول کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، سڑک پر مزید کاریں اور ٹم ہارٹنز کافی کو نہ بھولیں بلکہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کا لطف اٹھائیں‘۔
مشی نے مزید لکھا کہ’اس قوم کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بس مزید 2 دن تک سوشل میڈیا پر صرف باتیں کرتے رہیں ایک اور مہنگائی بم کے پھٹنے کا انتظار کریں‘۔