لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی دارالحکومت لندن میں 21سالہ پاکستانی طالبہ حنا بشیر کو قتل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق حنا بشیر کی لاش ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔ مقتولہ کا تعلق پاکستان کے شہر جڑانوالہ کے نواحی گاﺅں 56گ ب سے تھا اور وہ تعلیم کے سلسلے میں گزشتہ سال نومبر میں برطانیہ گئی تھی۔ حنا بشیر کے والد کا نام بشیر احمد ککے زئی ہے۔وہ لندن میں تعلیم کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کی ملازمت بھی کرتی تھی۔
حنا بشیر 14جولائی کو لاپتہ ہوئی اور 18جولائی کو مشرقی لندن سے اس کی سوٹ کیس میں بند لاش ملی۔ اسے آخری بار 11جولائی کو زندہ دیکھا گیا تھا۔اسے مبینہ طور پر اس کے 26سالہ بوائے فرینڈ محمد ارسلان نے قتل کیا۔ محمد ارسلان اور حنا بشیر پاکستان میں ایک ہی گاﺅں کے رہائشی تھے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں حنا بشیر کے لندن جانے کے چند ماہ بعد ارسلان بھی برطانیہ چلا گیا تھا۔حنا بشیر لندن کی کنوینٹری یونیورسٹی میں بزنس مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ پولیس نے محمد ارسلان کو قتل کے شبے میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔








































