
وزیر اعظم شہباز شریف نے الیکشن کمیشن پاکستان سے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عمران نیازی کو طویل عرصے سے ریاستی اداروں پر بار بار حملے کرنے کیلئے چھوٹ دی جا رہی ہے ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کو دی جانے والی چھوٹ ملک کو تکلیف پہنچا رہی ہے ۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کو غیر ملکی فنڈنگ کیس لکھنے سے منع کیا ہے ۔
15 جون کو الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل انورمنصور نے اعتراض اٹھایا کہ کاز لسٹ میں آج بھی فارن فنڈنگ لکھا ہوا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے عملے کو ہدایت کی کہ آئندہ کسی کی فارن فنڈنگ نہ لکھا جائے۔
نجی ٹی وی سماء کے مطابق دوران سماعت چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپکے موکل بھی میڈیا پر فارن فنڈنگ کا لفظ استعمال کر تے ہیں جس پر پی ٹی آئی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پہلے دن سے موقف ہے کی کیس ممنوعہ فنڈنگ کا ہے نہ کہ فارن فنڈنگ کا، چیف الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ آپ کا موقف درست ہے اسے لیے عملے کو ہدایات دی ہیں ۔