ملزم عثمان مرزا مسلسل مجھے بلیک میل کرتا رہا،لڑکی کو لانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ نازیبا ویڈیو کے کیس میں متاثرہ لڑکے نے مزید انکشافات کر دئیے
اسلام آباد میں جوڑے کے ساتھ مار پیٹ اور نازیبا سلوک کی ویڈیو وائرل کیس میں متاثرہ لڑکے کا بیان سامنے آ گیا۔متاثرہ لڑکے کی اسد کے نام سے شناخت ہو گئی ہے جس نے گولڑہ پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔پولیس کو دئیے گئے بیان میں اسد کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم عثمان مرزا مسلسل مجھے بلیک میل کرتا رہا،عثمان مرزا مجھ پر دباؤ ڈالتارہا کہ میں پیسے بھی دوں اور لڑکی کو بھی اس کے پاس لے کر آؤں۔
اسد نے پولیس کا بتایا کہ عثمان مرزا نے پیسے اور لڑکی نہ لانے پر ویڈیو وائرل کرنے کی بھی دھمکیاں دیں۔پولیس کے مطابق لڑکے کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے اور تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ ایک شخص لڑکے اور لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے جب کہ وہ لڑکے کو مارتے ہوئے مغلظات بھی بک رہا ہے۔
ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور ویڈیو آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان تک پہنچ گئی، جس کے بعد انہوں نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم دیا۔ جبکہ سلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے بھی یقین دہانی کروائی تھی کہ مقدمے میں نامزد یا ویڈیو میں نظر آنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عثمان مرزا گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے، متاثرین کی جانب سے شکایت درج نہ کروانے پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں ملزمان کے خلاف تشدد اور غیر اخلاقی ویڈیو بنانے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ، جس میں اسلام آباد پولیس کے سب انسپیکٹر مدعی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق واقع ای الیون ٹو میں واقع اپارٹمنٹس میں پیش آیا۔
اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا تھا۔ اب تک اس واقعہ میں ملوث چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ملزمان کو مجاز عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا، کوئی شخص کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں ہوتا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ملزمان کی ضمانت منظور ہونے سے متعلق خبریں زیر گردش ہیں، جس میں کوئی صداقت نہیں کیونکہ یہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ملتان ریلوے کی نجکاری ملک سے غداری کے مترادف ہے
ملتان ریلوے کی نجکاری ملک سے غداری کے مترادف ہے ، پاکستان ریلوے منی پاکستان ہے ، وحدت کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے ، ریلوے لاکھوں خاندانوں…









































