
ملتان :لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حقیقی بھائی عمر دراز کو بطور رسالدار ترقی دینے کی کارروائی روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کمشنرڈیرہ غازی خان سے جواب طلب کرلیا۔
فاضل عدالت میں ڈیرہ غازی خان کے رہائشی بشیراحمد چوہان نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ بارڈر ملٹری پولیس میں گذشتہ 20 سال کے دوران ترقیاں نہیں ہوئیں مگر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بھائی جمعدار عمردراز کو ترقی دلانے کیلئے بی ایم پی میں رسالدار کی دو آسامیاں پیدا کیں اور ان آسامیوں کی منظوری کسی قبیلے سے مشروط نہیں کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ قبیلہ کمیٹی سے منظوری کے بعد ایڈیشنل چیف سیکریٹری اعجاز جعفر جو وزیراعلیٰ پنجاب اور نئی آسامی سے ممکنہ طور پر مستفید ہونے والے عمر بزدار کے حقیقی ماموں ہیں، نے لیٹر کے ذریعے رسالدار کی ایک سیٹ چمن قبیلہ ہزارہ اور دوسری لغاری تمن کیلئے مخصوص کردیں اور 17 ستمبر کو ڈی بی سی کی تاریخ مقرر کردی اور تعلیمی قابلیت کی شرط کو نرم کردیا گیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میں بارڈر ملٹری پولیس کے تمام اداروں کے کیسز پرغور کیا جاناچاہئے ۔فاضل عدالت نے دیگر امیدواروں کو بھرتیوں میں نظر انداز کرنے پر متعلقہ افسران سے 20 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔