فیصل آباد :محرم الحرام 1441ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل 31اگست بروز ہفتہ بمطابق 29ذی الحج کی شام بوقت نماز مغرب طلب کر لیا گیا ہے ۔ محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج بوقت نماز مغرب ان کے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے جن میں محرم الحرام کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دریں اثناء ماہرین فلکیات ، قمر شناس علم الاعد اد نے پیشگوئی کی ہے کہ یکم محرم 1441ھ یکم ستمبر 2019ء بروز اتوار کو ہو گی۔انہوںنے بتایاکہ محرم کا چاند 30 اگست بروز جمعہ کو 3 بجکر 37 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہو گا لہٰذا اسے طبعی عمر اور لیگ ٹائم پورا ہونے کے باعث 31 اگست بروز ہفتہ کی شام دیکھا جا سکے گا۔انہوںنے بتایاکہ ہفتہ 29ذی الحج کی شام غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر 27گھنٹے 37 منٹ ہو گی اور اسے 61منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔انہوںنے بتایاکہ یکم محرم الحرام اتوار یکم ستمبر کو جبکہ یوم عاشور 10محرم الحرام بروز منگل بمطابق 10ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔










































