
مظفرآباد: آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔بھارت نے جس بھونڈے انداز میں کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کی کوشش کی ہے وہ اس میں ناکام ہو گا۔
تحریک آزادی کشمیر ہر حال میں جاری رہے گی اور انشاء اللہ کامیابی سے بھی ہمکنار ہو گی۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اسوقت کرفیو نافذ ہے ،تمام ذرائع ابلاغ ،انٹرنیٹ ،موبائل سروس اور لینڈ لائن نمبر بند ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں فوج تعینات ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے ہندو نیشنل ازم کو فروغ دیکر اقتدار حاصل کیا اور اب وہ مقبوضہ کشمیر کو بھی ہندو نینشنل ازم کی بھینٹ چڑھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا ہے کیونکہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے نئے اقدامات کے بعد بھی وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہے گا کیونکہ بھارتی فوج کشمیری عوام کے لیے نفرت کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا کوئی گھر ایسا نہیں ہے جہاں سے شہید کا جنازہ نہ اٹھا ہو۔انہوں نے کہا شہادتوں کی یہ عظیم داستانیں پیغام دے رہی ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کو آزادی سے بھارت نہیں روک سکے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کشمیری شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام کو گھروں میں بند کر کے ان کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل ہے جس کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔