
کراچی: شہر قائد میں دوسرے دن بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا
بارش سے سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، شہر میں سکولز بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر، ایئرپورٹ، لانڈھی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، سکیم تینتیس، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، صدر، شارع فیصل سمیت کئی علاقوں میں کھل کر بادل برسے، تیز بارش سے کئی علاقوں میں نالے ابل پڑے اور سڑکیں تالاب بن گئیں،ناگن چورنگی سے یوپی تک 3 فٹ پانی میں ڈوبی 5000روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوگئی، بارش کے بعد اکثر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 80فیڈرز شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بند کیے گئے، شہری بجلی کی تنصیبات اور کھمبوں سے دور رہیں، سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 32ملی میٹر، صدر 28، یونیورسٹی روڈ 19، سرجانی 12، جناح ٹرمینل 9، فیصل بیس پر 5اور لانڈھی میں 8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کے دوران ہوائوں کی رفتار 63کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ۔