پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی
پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج رائفل ایسوسی ایشن کی سینٹرل میٹ میں شرکت کی، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جہلم میں پاک فوج رائفل ایسوسی ایشن کی 45ویں سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارک مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینٹرل میٹ یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہی جس میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور صوبائی رائفل ایسوسی ایشنز سے 2 ہزار سے زائد شرکا نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنی نشانہ بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے تمام 4 انٹر سروسز میچز میں کامیابی حاصل کرکے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 اپنے نام کرلی۔
پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ-I میں پہلی پوزیشن حاصل کی، پنجاب رجمنٹ کے سپاہی محمد عرفان نے ماسٹر ایٹ آرمز کا اعزاز جیتا جبکہ آرمی مارک مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے آرمی ہنڈرڈ رائفل میچ ٹرافی اپنے نام کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی اور مہارت کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔
بعد ازاں آرمی چیف نے ملٹری کالج جہلم کی ایک صدی تقریبات میں بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک صدی قدیم یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا، جو ادارے کی سو سالہ شاندار خدمات اور تاریخ کا مظہر ہے۔
آرمی چیف نے ملٹری کالج جہلم کے کردار، نظم و ضبط، حب الوطنی اور قیادت سازی کے تسلسل کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمگیرینز کی پاکستان اور افواجِ پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا۔
آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، فیلڈ مارشل کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے ان کا استقبال کیا







































