
اداکار منور فاروقی کے قتل کا منصوبہ ناکام بنادیا، دو ملزمان گرفتار، بھارتی پولیس
بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کامیڈین و اداکار منور فاروقی کے قتل کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی ویب سائٹ ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا کہ بدنام گینگ گروپس روہت گودارا، گولڈی برار اور ویرندر چارن گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان کامیڈین منور فاروقی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ملزمان کی شناخت راہول اور ساہل کمار کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان گودارا اور چارن کے حکم پر منور فاروقی کا کئی ماہ سے پیچھا کر رہے تھے اور وہ ممبئی اور بنگلور میں بھی ان کے پیچھے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان اور گینگ کا مقصد منور فاروقی کو قتل کر کے شہرت حاصل کرنا تھا، گینگ کو کامیڈین کے ہندو دیوتاؤں پر کیے گئے مذاق پر غصہ تھا۔
پولیس کے مطابق دہلی کے جیت پور روڈ پر پولیس کے ساتھ مقابلے میں دونوں ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے ان کے ٹانگوں پر گولیاں ماریں، دونوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ایک سینئر افسر پرمود سنگھ نے بتایا کہ ملزمان کو خفیہ اطلاع پر جیت پور کے علاقے میں پکڑا گیا، ملزمان نے منور فاروقی کو بنگلورو اور ممبئی میں قتل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن آپس میں رابطے کی کمی کی وجہ سے وہ ناکام رہے، وہ دوبارہ منصوبہ بندی کے لیے دہلی آئے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم راہول پانی پت کا رہائشی ہے اور اس پر ہریانہ کے یامونا نگر میں تین افراد کے قتل سمیت کئی مقدمات درج ہیں، اس نے دسمبر 2024 میں تین شراب فروشوں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دوسرے گرفتار ملزم ساہل کمار بھی بھوانی اور سرسا کی عدالتوں میں مالی بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ بھی متعدد جرائم میں ملوث ہیں۔
پولیس کے مطابق گودارا گینگ مشہور شخصیات کو نشانہ بنا کر اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے، حال ہی میں اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کو بھی اسی گینگ سے جوڑا جا رہا ہے۔
منور فاروقی سے قبل متعدد مسلمان اداکاروں جن میں سلمان خان اور شاہ رخ خان جیسی معروف شخصیات بھی شامل ہیں، پولیس ان کے قتل کا منصوبہ بنانے والے ملزمان کو بھی گرفتار کر چکی ہے