
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے7 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن یکم اکتوبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شیرانی میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانےوالے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کوشکست فاش دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے ہیں، تاہم اس بات کی وضاحت نہیں ہوسکی کہ آج سامنے آنی والی خبر انہیں دہشت گردوں سے متعلق ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل آئی ایس پی آر نے اطلاع دی تھی کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع خضدار سے سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا