ننھے اسٹار عمر شاہ کی انتقال سے قبل کیا کیفیت تھی؟ چچا نے تفصیل بیان کردی
ننھے اسٹار عمر شاہ کے انتقال سے قبل کی کیفیت کے بارے میں ان کے چچا نے تفصیل بیان کردی۔
15 ستمبر کو سوشل میڈیا اسٹار اور متعدد ٹی وی پروگراموں میں شریک میزبان ننھے اسٹار عمر شاہ کی اچانک موت کی خبر سامنے آئی، جس نے پورے پاکستان کو غمگین کر دیا۔
عمر شاہ اپنے بڑے بھائی اور ساتھی ننھے اسٹار احمد علی شاہ کے ساتھ پروگراموں میں حصہ لیتے تھے اور سوشل میڈیا پر مشترکہ مواد تخلیق اور شیئر کرتے تھے۔
احمد علی شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے بھائی عمر انتقال کر گئے ہیں، بعد ازاں معروف ٹی وی شخصیات وسیم بادامی اور فہد مصطفیٰ سمیت دیگر نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
وسیم بادامی نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے کہا کہ عمر شاہ کو الٹی ہوئی جو ان کے پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس سے ان کے آکسیجن کا نظام متاثر ہوا، اس کے بعد انہیں (Cardiovascular Arrest) ہوا اور وہ انتقال کر گئے۔
عمر شاہ کے انتقال پر شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا اسٹارز نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور ان کی تدفین ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں کر دی گئی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر عمر شاہ کے چچا کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ عمر کے آخری لمحات کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رات تک عمر بالکل ٹھیک تھے، کوئی تکلیف یا پریشانی نہیں تھی اور وہ سکون سے سو رہے تھے، لیکن رات ڈھائی بجے اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی، انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں صرف تیس منٹ کے اندر ہی ان کا انتقال ہو گیا۔
عمر کے چچا نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے اور گھر والوں کے لیے بہت تکلیف دہ ہے، پورا پاکستان عمر کے انتقال کی خبر سن کر غمزدہ تھا اور اسی سلسلے میں انہیں کئی لوگوں کی کالز بھی موصول ہوئیں۔
انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ خاص طور پر عمر کے والدین کے لیے دعائیں کریں، کیونکہ یہ ان کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے








































