
سیلاب متاثرین کی بحالی کے بجائے سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے پر ہندو سینیٹر کا سخت رد عمل
ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بجائے سول بیوروکریسی، افسر شاہی کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے پر سینیٹر دنیش کمار کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بجائے سول بیوروکریسی اور افسر شاہی کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے پر سینیٹر دنیش کمار نے بیوروکریسی کے فوٹو سیشنز اور شو بازی پر کڑا ردعمل دیا ہے۔
بلوچستان عوام پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں بحث کے لیے تحریک جمع کرادی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے کر غیر ذمہ دار افسران کا احتساب کرے۔
تحریک کے متن کے مطابق سینیٹر دنیش کمار نے سوٹ بوٹ، ٹائی اور چشمہ لگا کر فوٹو شوٹ کرنے والے افسران پر شدید تنقید کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور نوٹس لے کر غیر ذمہ دار افسران کا احتساب کیا جائے۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں افسران کا ویڈیوز اور تصاویر بنانے میں مصروف ہونا افسوسناک عمل ہے، افسران کا طرزِ عمل متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آفات کے وقت افسران کی توجہ صرف ریلیف اور بحالی پر ہونی چاہیے، متاثرین کو ہمدردی، اخلاص اور فوری مدد چاہیے، تشہیری حربوں کی ضرورت نہیں ہے۔
ہندو سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ قومی سانحات کے دوران افسران کے لیے واضح اصول و قواعد بنانے کی تجویز عمل میں لائی جائے، سیلاب متاثرین کی بحالی کو ترجیح بنانے پر زور دیا جائے