
سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر ضمنی الیکشن سے دستبردار، اہلیہ کے کاغذات واپس لینے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے ضمنی الیکشن سے دستبردار ہونے اور اہلیہ کے کاغذات واپس لینے کا اعلان کردیا۔
سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان ( ضمنی انتخابات ) قانونی جواز فراہم نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائد اور پارٹی کے فیصلے پر الیکشن سے دستبردار ہورہا ہوں اور اپنی اہلیہ کے کاغذات واپس لے رہا ہوں، میرے خاندان سے کوئی الیکشن نہیں لڑ رہا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے جن میں سے ایک مقدمے میں مجھے سز ا ہوئی، وہ آپ سب کے سامنے ہے۔
ملک احمد بھچر نے مزید کہا کہ اپنےحلقہ میانوالی کے تمام ساتھیوں کا شکریہ جنہوں نے 8 فروری کو مجھے ممبر پنجاب اسمبلی بنایا۔
انہوں نےکہا کہ میں ہمیشہ اپنی جماعت اور میانوالی کے سپوت عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پارٹی رہنماؤں کو 9 مئی کے مقدمات میں سزاؤں کے بعد خالی ہونےو الی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے اور تمام پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہوجانے کی ہدایت کی تھی