
ایشیا کپ 2025: متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی، میچز کے اوقات تبدیل کر دیئے گئے
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شدید گرمی کے باعث ایشیا کپ 2025 کے 19 میں سے 18 میچز کے آغاز کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے گرم موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے میچز کے اوقات کو آدھا گھنٹہ آگے بڑھایا گیا، نظرثانی شدہ اوقات کے تحت میچز پاکستان وقت کے مطابق اب شام 7 بجے کے بجائے ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔
ایشائی ٹورنامنٹ اس بار ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جو 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں شیڈول ہے۔
امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایشیا کپ 2025 کے 19 میں سے 18 میچز کے آغاز کا وقت اپ ڈیٹ کر دیا گیا، یہ میچز اب مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے) شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا واحد میچ، جو کہ 15 ستمبر کو ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات اور عمان کے درمیان شیڈول ہے، شام 5 بجے شروع ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے رواں ماہ کے آغاز میں جو ابتدائی شیڈول جاری کیا تھا اُس کے مطابق میچز شام 7 بجے مطابق شروع ہونا تھے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے لیے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ موجود ہیں۔
پاکستان کا شیڈول
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے۔
ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جبکہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا