روز رات کو سونے سے پہلے بیوی کے پاؤں دباتا ہوں، احمد حسن
اداکار و ہدایتکار احمد حسن نے اپنی ازدواجی زندگی کے دلچسپ پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ہر رات سونے سے پہلے اپنی بیوی نوشین احمد کے پاؤں دباتے ہیں۔
احمد حسن نے حال ہی میں اپنی بیوی و اداکارہ نوشین احمد کے ہمراہ واسع چوہدری کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نوشین احمد سے ان کی پہلی ملاقات ڈراما سیریل ’پیا کا گھر پیارا لگے‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، ایک دن نوشین میک اپ کروا رہی تھیں کہ اچانک ان کی نظر نوشین پر پڑی اور بس پہلی نظر میں ہی محبت ہو گئی۔
اداکار کے مطابق نوشین انہیں بہت اچھی لگیں، اس لیے اگلے ہی دن باتوں باتوں میں انہوں نے ان سے دریافت کیا کہ آیا وہ منگنی شدہ تو نہیں، جب معلوم ہوا کہ وہ منگنی شدہ نہیں ہیں تو انہوں نے فوری شادی کی پیشکش کر دی اور صرف ایک ہفتے کے اندر اندر ان کی نوشین احمد سے شادی ہو گئی۔
احمد حسن نے کہا کہ کسی بھی تقریب میں جانے سے پہلے تیار ہونے میں زیادہ وقت وہی لیتے ہیں، کیونکہ وہ اس وقت تک تیار ہونا شروع نہیں کرتے جب تک ان کی بیوی تقریباً تیار نہ ہو جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حال ہی میں انہوں نے ایک ڈرامے کی ہدایتکاری کی، جس میں ان کی بیوی نے بطور اداکارہ کام کیا، چونکہ ڈرامے میں سینئر اداکار بھی شامل تھے، تو کسی کو یہ محسوس نہ ہو کہ وہ اپنی بیوی کی طرفداری کر رہے ہیں، اس لیے وہ کبھی کبھار انہیں ڈانٹ بھی دیا کرتے تھے، تاہم فطری طور پر وہ ان سے نرمی سے پیش آتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایک فرماں بردار شوہر ہیں، روز رات کو سونے سے پہلے اپنی بیوی کے پاؤں دباتے ہیں، جس کی ان کی بیوی نوشین احمد نے بھی تصدیق کی اور ہنستے ہوئے کہا کہ ظاہر ہے وہ ایسا ہی کریں گے کیونکہ وہ ان کے شوہر ہیں








































