نارتھ کراچی میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ٹارگٹڈ حملے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 23 سالہ صدام امام کے نام سے ہوئی۔
بلال کالونی تھانے کے ایس ایچ او ناصر خان نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے موٹرسائیکل سوار صدام کو رکنے کا اشارہ کیا، صدام موٹر سائیکل چھوڑ کر فٹ پاتھ کی طرف بھاگا مگر حملہ آوروں نے اُس کا پیچھا کر کے فائرنگ کر دی۔
صدام کو گولیاں لگیں جس کے باعث اُسے فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُس کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق واردات کے پیچھے محرکات کا تاحال تعین نہیں ہو سکا، تاہم حملہ آور موقع سے کوئی چیز لوٹے بغیر فرار ہو گئے۔
لیاری میں فائرنگ سے ایک اور شخص ہلاک
دوسری جانب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب لیاری کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک 30 سالہ شخص محمد عادل جاں بحق ہو گیا۔
کلری تھانے کے ایس ایچ او سلیم مروت کے مطابق واقعہ کھڈا مارکیٹ کے قریب کھوکھر اسٹریٹ پر پیش آیا، مقتول علاقے میں سڑک کنارے برگر کا ٹھیلہ لگاتا تھا، حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے








































