
جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سعودی بحریہ کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سعودی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمٰن الغریبی نے ملاقات کی، جس میں پاک-سعودیہ دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق رائل سعودی نیول فورسز (آر ایس این ایف) کے چیف آف اسٹاف وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمٰن الغریبی نے آج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ’ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور موجودہ دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔’
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں شخصیات نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال، خصوصاً بحری سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سعودی بحریہ کے سربراہ کی ہیڈ کوارٹر آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
قبل ازیں، اس ہفتے کے اوائل میں ایڈمرل محمد بن عبدالرحمٰن نے اپنے پاکستانی ہم منصب ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون بڑھانے، علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی تھی۔
دونوں بحریہ کے سربراہان نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استنبول میں 17ویں انٹرنیشنل ڈیفنس انڈسٹری فیئر میں شرکت کی تھی۔
ایونٹ کے موقع پر انہوں نے ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر، چیف آف ترک جنرل اسٹاف متین گورک، آذربائیجان کے وزیر دفاع حسنوف زاکر اسگر اوغلو اور ان کے نائب گربانوف عقیل سلیم اوغلو سے بھی ملاقاتیں کی تھیں