
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ برس ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ برس 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 24 جولائی کو اعلان کیا ہےکہ قومی ٹیم آئندہ برس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ریڈ بال سیریز اگست اور ستمبر 2026 کے درمیان کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ پہلا ٹیسٹ 19 اگست کو لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں شروع ہوگا، جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 9 ستمبر سے برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں شیڈول ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 2016 کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کا انگلینڈ کا چوتھا ٹیسٹ دورہ ہوگا، جب کہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان 1954 سے اب تک 29 باہمی ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز کی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورے پر موجود ہے جہاں وہ 3 ایک روزہ میچوں اور 2 تین روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیل رہی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 20 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ اگلے 3 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے سال 2020 میں آخری مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی، جہاں 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دی تھی