بنوں: خوارج کی پولیس کی تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش، چوکیوں پر حملے ناکام
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کی چوکی مزانگہ اور چوکی شیخ لنڈک پر خوارج کےحملے پولیس نے بھرپور جوابی کاروائی سے ناکام بنا دیے۔
گزشتہ شب تھانہ ہوید بنوں کی حدود میں دو پولیس چیک پوسٹوں شیخ لنڈک پر ڈرون اور مزانگہ پر خوارج نے چھوٹے بڑے جدید ہتھیاروں سے حملے کیے، حملے میں پولیس کی تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور ہوشیاری سے بروقت اور مؤثر جوابی کاروائی کرتے ہوئے دونوں حملوں کو پسپا کر دیا۔
بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، جب کہ حملے میں چوکی کی عمارت ُ پولیس تنصیبات اور نفری محفوظ رہی۔
پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان نے بنوں پولیس کی جرات مندانہ کاروائی کو سراہتے ہوئے تمام جوانوں کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
آئی جی پختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس ہر محاذ پر چوکنا، مستعد اور مکمل طور پر تیار ہے۔ آئندہ بھی ایسے تمام حملوں کا بھرپور اور جرأت مندانہ انداز میں جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا








































