
لاہور:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بساکر مودی جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں ہم بھی جنگ کیلئے تیار ہیں۔
دنیا کسی بھی صورت کشمیر کے معاملے سے لاتعلق نہیں ہوسکتی ورنہ امن ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔امریکہ اور بر طانیہ سمیت سب ممالک کو بھارتی جنگی جنون کے خاتمے اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
معیشت سمیت دیگر شعبوں میں خواتین کی ترقی دیکھ کر لگتا ہے آنے والے 20/25سالوں میں خواتین اوریوتھ پاکستان پر حکومت کر یں گی۔خواتین کو مضبوط کیے بغیر پاکستان کی مضبوطی ،ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
وہ سوموار کے روز گور نر ہائوس لاہور میں ویمن چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسڑی کے سالانہ اعزازی ایوارڈ2019 کی تقسیم تقریب اور کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر سجاد جرال ،راجہ حبیب اللہ خان ،ظفر مغل،الطاف حمید اور حافظ محمد مقصودسمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نے والے25رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پرگور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور ُ ویمن چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسڑی کی صدر فائزہ امجد ،ویمن آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کر نے والی عمارہ اویس ،ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم ،سید حنا بابر علی سمیت خواتین کی کثیر تعدادنے شرکت اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ نر یندر مودی کی شکل میں آج ایک اور ہٹلر سامنے آچکا ہے جو انسانیت کا قتل عام کر نے کی بدترین مثال قائم کر رہا ہے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نر یندر مودی کے ہاتھوں کو روکا جائے ورنہ آنے والے وقت میں تباہی اور بر بادی کے سوا کچھ نظر نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ نر یندرمودی کشمیر میں مسلمانوں کو اکثر یت کو اقلیت میں بدلنے اور کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کیلئے آر ایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں سمیت انسانی حقوق کی بدتر ین خلاف ورزی ہے پاکستان اس کے خلاف بھر پور آواز بلند کر ے گا اور دنیا میں بھارت کو ایکسپوز کر یں گے ہم کشمیر یوں کی آزادی کیلئے بڑی سے بڑی قر بانی دینے کو بھی تیار ہیں۔ ویمن چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسڑی کے سالانہ اعزای ایوارڈ2019 کی تقسیم تقریب سے خطاب کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانی خواتین انتہائی تیزی کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے خواتین کی ترقی اور مضبوطی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور انشاء اللہ ہماری حکومت خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر یں گی کیونکہ خواتین کی مضبوطی سے ہی ملک مضبوط ہوگا۔