
’ایک آدھ خراب انڈا سب کچھ خراب کر دیتا ہے‘، شاہد آفریدی کا پاک-بھارت میچ کی منسوخی پر تبصرہ
سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ’شائقین ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھنا چاہتے تھے جو کچھ بھارتی کھلاڑیوں کی وجہ سے منسوخ ہو ا‘۔
برمنگھم میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ماضی میں بھی کرکٹ کے ذریعے ہی تعلقات بہتر ہوئے، پہلے بھی حالات ٹھیک نہیں تھے، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کوئی چیز نہیں لیکن ایک آدھ خراب انڈا سب کچھ خراب کر دیتا ہے‘۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ایک کھلاڑی کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کیخلاف نہیں کھیلوں گا تو بھائی آپ نہ کھیلو، بیٹھ جاؤ ،کرکٹ سب سے بڑی چیز ہے، ہر معاملے میں سیاست لانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے‘۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ ’ہم تو یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور میں ہمیشہ یہی بات کرتا رہا ہوں کہ سیاست کو کرکٹ سے دور رکھ کر قوم کو آگے بڑھنا چاہیے، جو قومیں دنیا میں کچھ کرنا چاہتی ہیں وہ چھوٹی چھوٹی چیزوں میں نہیں اُلجھتی‘۔
انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو اپنے ملک کا اچھا سفیر بننا چاہیے نہ کہ شرمندگی کا باعث بنیں، ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، اگر آپ لوگوں کو کھیلنا ہی نہیں تھا تو پہلے ہی کہہ دیتے کہ ہم پاکستان کے خلاف نہیں کھیلیں گے، آپ آ بھی گئے، پریکٹس سیشنز بھی کیے اور پھر ایک ہی دن میں سب کچھ بدل دیا‘۔
ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’انہیں مجھ سے اعتراض تھا میں تو انجری کی وجہ سے ویسے بھی نہیں کھیل رہا تھا، ڈاکٹروں نے مجھے 3 ماہ کا ری ہیب بتایا ہے جب کہ ٹورنامنٹ 2 ہفتوں میں ختم ہو جائے گا‘۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد ہم کافی پُر جوش تھے کہ آج دوسرا میچ بھی اچھا ہوگا، 17 سے 18 ہزار فینز آج کا میچ انجوائے کرتے وہ زیادہ اچھا ہوتا لیکن وہ سب مایوس ہوئے‘۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے دعویٰ کیا کہ ’کچھ بھارتی کھلاڑی میچ کھیلنا بھی چاہتے تھے لیکن انہیں بھی ساتھی کھلاڑیوں کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، ہم بھی تیار تھے کہ میچ کھیلیں گے، انٹرٹینمنٹ ہوگی لیکن سب کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا‘۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کے درمیان طے شدہ ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق شیکھر دھون، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے ’پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی‘ کو جواز بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا