ماہرہ پسندیدہ اداکارہ ہیں، سارے گلے شکوے دور ہوگئے، خلیل الرحمٰن قمر
ٹی وی ڈراما کے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ماضی میں ان سے جتنے بھی گلے شکوے تھے، وہ سب ختم ہوچکے ہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ’دی بلو ٹرتھ ڈیجیٹل‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹ بولنے والے لوگ برے لگتے ہیں اور وہ لوگ بھی جو امیر و غریب میں فرق کرتے ہیں، میرے نزدیک اصل غریب وہ ہے جس کے پاس ظرف کم ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے بینک میں لاکھوں روپے ہوں لیکن آپ کم ظرف ہیں تو میری نظر میں آپ غریب ہیں، میں حرام کمانے والوں کو بھی غریب ہی سمجھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لکھنے کا شوق نہیں تھا بلکہ میں پیدائشی لکھاری ہوں، میں تیرہ برس کی عمر سے اس فن کے ذریعے کما رہا ہوں اور اسی وجہ سے والد سے کئی بار مار بھی کھائی، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ میں پڑھ لکھ کر بڑا افسر بنوں۔
ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مشہور ڈائیلاگ ’دو ٹکے کی عورت‘ کی وضاحت کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ لوگوں نے بلاوجہ اس پر تنقید کی، حالانکہ یہ ڈائیلاگ خاص طور پر ایک مخصوص لڑکی کے لیے تھا، سب عورتوں کے لیے نہیں۔
ان کے مطابق اصل ڈائیلاگ یوں تھا کہ ’آپ اس دو ٹکے کی لڑکی کے لیے مجھے 5 کروڑ روپے دے رہے تھے‘ اور اُس میں صرف اُس مخصوص کردار کی بات ہو رہی تھی۔
ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ماہرہ نے کہا تھا کہ اگر انہیں مجھ سے کوئی مسئلہ تھا تو انہیں فون کرکے مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی، جب میں نے یہ سنا تو مجھے بہت دکھ ہوا، کیونکہ میں اُن کا بہت احترام کرتا تھا اور وہ بھی میرا کرتی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ مجھے فون کر کے ڈانٹ بھی دیتیں تو میں انہیں پیار سے بتاتا کہ میرے الفاظ کے پیچھے اصل مقصد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب مجھے پتا چلا کہ ماہرہ کو اپنی ٹویٹ پر افسوس ہے تو میں نے انہیں میسج کیا کہ میرے تم سے تمام گلے شکوے ختم ہوگئے ہیں۔
معروف مصنف کا کہنا تھا کہ ماہرہ میری پسندیدہ اداکارہ تھیں اور ہیں، اسی لیے ان کی بات پر مجھے غصہ آیا تھا۔
خلیل الرحمٰن قمر اور اداکارہ ماہرہ خان کے درمیان اختلافات ایک طویل عرصے سے زیر بحث رہے ہیں، یہ اختلافات 2020 میں اُس وقت شروع ہوئے جب ایک ٹی وی شو کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے سماجی کارکن ماروی سرمد کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی، جس پر ماہرہ خان نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ان کی مذمت کی، اس کے بعد دونوں کے درمیان دوریاں پیدا ہو گئیں۔
تاہم، حال ہی میں ماہرہ خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر سے اپنے تنازع پر بات کی اور کہا کہ وہ اپنے ردعمل پر پچھتاتی ہیں اور انہیں چاہیے تھا کہ وہ براہ راست خلیل الرحمٰن قمر سے بات کرتیں، نہ کہ سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرتیں








































