
مجھے کسی سے کوئی شکوہ نہیں کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں، جسٹس منصور علی شاہ
سپریم کورٹ کے سینئر پیونی جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے کسی سے کوئی شکوہ نہیں کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں، میں اس وقت سینئر پیونی جج ہوں اور اس میں ہی خوش ہوں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میں اس وقت سینئر پیونی جج ہوں اور اس میں ہی خوش ہوں، مجھے کوئی شکوہ نہیں کسی سے کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان بہت اچھے ہیں ان کے لیے دعاگو ہوں۔
تقریب سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ججز پر دباؤ ڈالا جائےگا لیکن حلف کےساتھ ہی چلنا ہے، حلف توڑنے سے سارا نظام ٹوٹ جائےگا، حلف کےساتھ کھڑے رہینگے تو کوئی مسئلہ نہین آئےگا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ حلف ایسے ہی ہے جسے پانی ہاتھ میں لے کر کھڑے ہیں، حلف کو سنبھالنا ہےتو پھر ہاتھ نہیں کھولنا اسی طرح رکھنا ہے۔
اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا مشہور زمانہ شعر بھی پڑھا کہ پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور
قبل ازیں، جسٹس منصور علی شاہ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا، اس موقع پر وکلا نے جسٹس منصور علی شاہ کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے