
بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکار اروشی ڈھولکیا آخری بار 2013 میں اسکرینز پر اس وقت نظر آئیں تھی جب وہ بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 6 کا حصہ بنی اور اب 6 سال بعد وہ دوبارہ ایک پروگرام کا حصہ بننے جارہی ہیں۔اروشی نچ بلیے نامی ڈانس ریئلٹی شو کے 9ویں سیزن کا حصہ بننے جارہی ہیں جس کی پروڈکشن بگ باس شو کے میزبان اداکار سلمان خان ہی کررہے ہیں۔
نچ بلیے شو میں ہر حصہ دار کو اپنے ساتھی کے ساتھ جوڑا بناکر رقص کرنا ہوتا ہے اور تمام جوڑوں کے درمیان مقابلے کے بعد آخر میں ایک جوڑا شو کا فاتح قرار پاتا ہے۔اس سال کے شو میں اروشی ڈھولکیا اپنے سابق بوائے فرینڈ انوج سچدیو کے ہمراہ مقابلے میں حصہ لینے جارہی ہیں۔خیال کیا جارہا تھا کہ اپنے سابق بوائے فرینڈ انوج کے ساتھ اس پروگرام کا حصہ بننا اروشی کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا، تاہم اداکارہ کے مطابق ‘میرے لیے اپنے ماضی کو سامنے لانا چیلنج نہیں، سب سے بڑا چیلنج تو ڈانسنگ ہے’۔اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میری ذاتی زندگی تو ایک طرح سے کھلی کتاب ہے، لیکن دوسرے انداز سے یہ ایک مسٹری بھی ہے، میرا حق اور مرضی ہے کہ میں اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کیا بات کروں اور کس بات پر خاموش رہوں’۔اپنے سابق بوائے فرینڈ کے ہمراہ شو میں حصہ بننے پر اروشی نے کہا کہ ‘لوگ سمجھتے ہیں بریک اپ کے بعد زندگی بالکل تبدیل ہوجاتی ہے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے، وقت گزر جاتا ہے اور سب ٹھیک ہوجاتا ہے’۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘بھلے ہمارا رشتہ ختم ہوگیا ہو لیکن ہم آج بھی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں، ہمارے درمیان جو کچھ بھی ہوا، لیکن ہم آج بھی ایک دوسرے کے اچھے دوستے ہیں’۔بریک اپ کے بعد مستقبل میں شادی کرنے کے خیال پر اروشی کا کہنا تھا کہ ‘اگر باسکٹ میں موجود ایک سیب سڑ جائے تو اس کا یہ مطلب تھوڑی کہ سارے ہی سیب خراب ہوں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو کوئی اچھا ساتھی مل رہا ہوں تو اس کے ساتھ زندگی گزارنے میں کوئی مسئلہ نہیں’۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘البتہ میں نے مستقبل میں دوبارہ شادی کرنے کے حوالے سے نہیں سوچا، ہر کوئی مجھ سے یہ پوچھتا رہتا ہے لیکن میرے پاس وقت نہیں، میں اپنے کام کے ساتھ بےحد مصروف ہوں، مستقبل کے حوالے سے فی الحال نہیں سوچا’۔یاد رہے کہ 2013 کے بگ باس سیزن 6 کی فاتح بھی اروشی تھی اور امید کی جارہی ہے کہ وہ نچ نلیے کا سیزن 9 بھی جیت جائیں گی۔