
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہنڈائی نشاط موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ایلانٹرا اور سوناٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کمپنی کی طرف سے ایلانٹرا جی ایل 1.6کی قیمت میں 7لاکھ 57ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس گاڑی کی قیمت 43لاکھ 41ہزار 990روپے تھی جو اس اضافے کے بعد 50لاکھ 99ہزار روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح ایلانٹرا جی ایل ایس 2.0کی قیمت 5لاکھ 510روپے اضافے سے 54لاکھ 99ہزار روپے، سوناٹا 2.0کی قیمت 8لاکھ 30ہزار 10روپے اضافے سے 78لاکھ 99ہزار روپے اور سوناٹا 2.5کی قیمت 5لاکھ 71ہزار 510روپے اضافے سے 84لاکھ 99ہزار روپے ہو گئی ہے۔
کمپنی کی طرف سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں عدم استحکام، شپنگ کی لاگت میں اضافہ اور حکومت کی طرف سے ٹیکسز کی شرح میں اضافہ بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں یہ اضافہ فوری طور پر لاگو ہو گا۔