ہر شادی کے بعد کمپنی سے بونس ملنا چاہیے، اقرار الحسن
اپنی تین شادیوں کی وجہ سے خبروں کی زینت رہنے والے اینکر اقرار الحسن نے کہا ہے کہ ہر شادی کے بعد کمپنی سے ملازم کو بونس ملنا چاہیے یا پھر تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔
اقرار الحسن نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے ایک بار پھر اپنی تین شادیوں پر بات کرنے کے علاوہ ممکنہ طور پر چوتھی شادی پر بھی گفتگو کی۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچپن میں ایک سے زائد شادیاں کرنے کا عزم نہیں کیا تھا، اتفاق سے ان کی شادیاں ہوگئیں، ان کی کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی۔
اقرار الحسن کے مطابق ان سمیت کوئی بھی ایسا نہیں سوچتا کہ انہیں بڑا ہوکر دو شادیاں کرنی ہیں۔
انہوں نے اپنی تینوں بیویوں کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماشاء اللہ ان کی تمام بیویاں خوبصورت ہیں، ان کی زندگی خوشی سے گزر رہی ہے۔
چوتھی شادی کے سوال پر اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں جب کہ انہوں نے تین شادیاں بھی منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات اور واقعات ایسے بنے کہ ان کی شادیاں ہوگئیں لیکن ان کا اتنی زیادہ شادیاں کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
کیا ہر شادی کے بعد ٹی وی چینل نے ان کی تنخواہ میں اضافہ کیا؟ کہ سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شادیوں کی وجہ سے ان کی تنخواہیں نہیں بڑھیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی اس طرح سوچا۔
اقرار الحسن نے پروگرام میزبان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں اچھی تجویز دی ہے کہ ہر شادی کے بعد تنخواہ بڑھنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نظام ہونا چاہیے کہ ہر شادی کے بعد بونس ملنا چاہیے یا پھر تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق کچھ دن قبل ہی انہیں ٹی وی چینل کی جانب سے نیا ہیلتھ کارڈ ملا ہے، جس میں ان کی تینوں بیویوں کے نام شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا ہیلتھ کارڈ اپڈیٹ کرتے اور دیکھتے ہوئے چینل والے بھی نہ جانے کیا سوچتے ہوں گے؟








































