
گوجرانوالہ: کمسن گھریلو ملازمہ تشدد کے بعد قتل، معروف تاجر اور بیٹے سمیت 4 افراد پر مقدمہ درج
گوجرانوالہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں معروف تاجر کے گھر ملازمت کرنے والی کمسن بچی کو مبینہ تشدد کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے معروف تاجر اور اس کے بیٹے سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق کمسن بچی معروف تاجر مقبول احمد کے گھر ملازمہ تھی اور 10 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر کام کر رہی تھی، واقعے کے بعد ملزمان نے بچی کی لاش اُس کے گھر بھجوا دی۔
پولیس کے مطابق ورثا نے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
ابتدائی رپورٹ میں بچی پر تشدد ثابت ہوا ہے، ماڈل ٹاؤن پولیس نے تاجر مقبول احمد اور اس کے بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے، ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ بچی کو بے رحمی سے قتل کیا گیا، ہمیں انصاف چاہیے۔
پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی اگست کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں ملک بھر میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے کل 1630 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ سال 2024 کے ابتدائی 6 ماہ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 862، اغوا کے 668، گمشدگی کے 82 اور کم عمری کی شادیوں کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے۔
6 ماہ کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 962 متاثرین میں 59 فیصد لڑکیاں تھیں جب کہ 668 یعنی 41 فیصد لڑکے تھے۔