
گلگت بلتستان: استور میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، 750 افراد ہسپتال میں داخل
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں آلودہ پانی پینے سے سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور 750 افراد ہسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) استور ڈاکٹر نواب احمد خان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ کم از کم 750 افراد گلگت بلتستان کے ضلع استور میں ہیضے اور گیسٹرو اینٹرائٹس کے باعث ہسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر نواب احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ 750 کیسز 4 دنوں کے دوران رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم ان میں سے 90 فیصد پر قابو پا لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے صبح سے رات تک ایک ہی مریض کو 60 ڈرِپ لگائیں، جب کہ مریض کے ہسپتال سے جانے کے بعد بھی کئی ڈرِپ لگائی گئیں‘۔
خیال رہے کہ مون سون کے موسم کے دوران گلگت بلتستان شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہے، خطے میں سیکڑوں لوگ آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے