کوئٹہ: غیرت کے نام پر قتل کی گئی بی بی بانو کے والد بھی گرفتار، جیل منتقل کر دیا گیا
بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی واقعے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے۔
کوئٹہ کے قریب ڈیگاری کے علاقے میں غیرت کے نام پر مرد اور خاتون کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، مقتولہ کے والد گل جان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں گرفتار قبائلی شخصیت سردار شیر باز ساتکزئی اور بشیر احمد اس وقت 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
اس واقعے میں مقتولہ بی بی بانو کے والد گل جان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، جس کے بعد اب انہیں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقتولہ کی والدہ کو بھی سوشل میڈیا پر قتل کو جائز قرار دینے اور قبائلی سردار کو رہا کرنے کا بیان شیئر کرنے پر پولیس نے گرفتار کیا تھا، پولیس کی جانب سے مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنان اور سوشل میڈیا صارفین نے اس افسوس ناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شفاف اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اوڑک میں ایس ایچ او نوید اختر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں خاتون اور مرد کو فائرنگ کرکے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے میں قتل ہونے والے افراد کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، دونوں پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے بچے بھی ہیں۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی واقعے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے








































