لاہور —-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایڈوائزر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ امریکہ میں قادیانیوں کاعمل دخل نہیں، کسی بھی مذہب کے ایجنڈے کی سرپرستی امریکی قانون کیخلاف ہے، عمران خان کا استقبال پاکستانیوں نے کیاجن میں اکثریت پنجابیوں کی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ سے ویڈیو کال کے ذریعے لاہور پریس کلب میں ختم نبوت الائنس کی پریس کانفرنس میں کیا جس کی صدارت مرکزی رہنما ء سید شفیق احمد شاہ نے کی جبکہ ناظم اعلیٰ اوورسیز پیر سید رشید احمد شاہ،صاحبزادہ رفیق الحسن، سید احسان احمد گیلانی، صاحبزادہ سید محمد علی عثمان توکلی، پیر محمد طارق ولی، علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی، عبدالحق اعوان اور خالد حبیب الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ساجد تارڑ نے کہا کہ امریکہ میں قادیانیوں کا عمل دخل نہیں، امریکی قانون کے مطابق کسی بھی مذہب کے ایجنڈے کی سرپرستی منع ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر پاکستانیوں بالخصوص پنجابیوں نے ان کا استقبال کیا تھا ممکن ہے ان میں چند ایک قادیانی بھی ہوں لیکن یہ پاکستانیوں کا فنکشن تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مسلمان اور عقیدہ ختم نبوت ہمارا ایمان ہے، خون کے آخری قطرے تک ختم نبوت کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ اس موقع پر پیر سید شفیق احمد شاہ نے کہاکہ پاکستان کی اسلامی اساس پر حملے کی سازش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں دیگر مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے الزام لگایا کہ امریکہ میں پاکستانیوں کا اجتماع دراصل قادیانیوں کا تھا جو غلط ہے، اب ہم سوال کرتے ہیں جب سابق حکومت نے ختم نبوت حلف نامے کو تبدیل کرنے کی کوشش کی اس پر کوئی آواز ان کی طرف سے اور ان کے اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے نہیں اٹھائی گئی اور نہ ہی تحفظ ختم نبوت ریلی نکالی گئی۔ رہنماو¿ں نے کہاکہ ہم بغیر تحقیق و ثبوت کسی بھی مسلمان کو قادیانی کہنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہمارا اوورسیز یونٹ مختلف ممالک کے اندر کام کررہا ہے اور وہاں کے راسخ العقیدہ مسلمانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔








































