
کراچی: 7 سالہ بچی سے زیادتی کیس، اسکول ملازم کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی کی مقامی عدالت نے گزری تھانہ کی حدود پی این ٹی کالونی میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گزری تھانے کی حدود پی این ٹی کالونی میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ متاثرہ بچی کا بیان اور میڈیکل رپورٹ سمیت ملزم کے خلاف شواہد موجود ہیں، ملزم کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔
ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا ملزم کے خلاف ایک ماہ بعد مقدمہ درج کروایا گیا جب کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔
سرکاری وکیل نے بتایا اسکول انتظامیہ نے ملزم کے خلاف کارروائی جھوٹی تسلیاں دی تھیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی۔
بعد ازاں، عدالت نے 7 سالہ بچی سے زیادتی کیس میں گرفتار اسکول ملازم دیپک کمار کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
واضح رہے کہ 10 ستمبر کو پولیس ترجمان نے بتایا تھا کہ گِذری پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے خاکروب کو گرفتار کیا ہے۔
یہ واقعہ پی اینڈ ٹی کالونی کے ایک اسکول میں پیش آیا تھا، جہاں گرفتار مشتبہ شخص نے مبینہ طور پر 7 سالہ بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کیں اور اسے ہراساں کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات کیں اور ملزم سے تفتیش کی، کمسن بچی نے بھی ملزم کی شناخت کی، جس نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جنوبی کی ہدایت پر تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے