کراچی میں آج 100 ملی میٹر تک بارش متوقع، میئر کی شہریوں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آج شہر میں 100 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کر دی۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، کورنگی، لانڈھی، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر میں 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بارش کے 4 سے 6 اسپیل آئیں گے، کراچی میں آج 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
زیادہ بارش میں شہری باہر نہ نکلیں، مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر زیادہ بارش ہو تو فوری طور پر اپنے دفاتر، فیکٹریوں یا گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی نے کہا کہ بارش کے دوران مختلف مقامات پر رش بڑھ جانے سے افراتفری کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رش کی وجہ سے ہمیں اپنا کام کرنے میں مشکل ہوتی ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ بارش کے دوران کچھ دیر انتظار کریں، فوری طور پر سڑکوں پر نہ آئیں۔
شہر قائد میں کرنٹ لگنے سے 2 نوجوان جاں بحق
پولیس اور ریسکیو سروسز کے حکام کے مطابق منگل کے روز شہر میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 2 نوعمر لڑکوں کی لاشیں سہراب گوٹھ اور خواجہ اجمیر نگری سے عباسی شہید ہسپتال لائی گئیں تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔
سہراب گوٹھ پولیس کے ایس ایچ او ممتاز مروت نے بتایا کہ 17 سالہ وسیم نور، ایوب گوٹھ میں ایک واٹر فلٹر پلانٹ پر بجلی کا جھٹکا لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سرفراز کمانڈو نے بتایا کہ 18 سالہ مصطفیم سعید، رشید آباد میں ایک گھر کے اندر بجلی کا جھٹکا لگنے سے جاں بحق ہوا۔
ملیر ندی کا پانی سڑک پر آگیا
کراچی میں گزشتہ روز سے جاری بارش کے بعد ملیر ندی میں پانی اوور فلو ہو کر سڑک پر آگیا۔
ملیر ندی کا پانی سڑک پر آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی ہے، ملیر سے کورنگی مرتضیٰ چورنگی کی طرف آنے جانے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شہر گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے شہر میں آج 4 سے 6 اسپیلز کے دوران شدید موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
حیدر آباد کے اسکولوں میں تعطیل
دوسری جانب حیدر آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بارش کے پیش نظر تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادرے آج بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر حیدر آباد کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا نوٹیکیفشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، تھرپارکر ، عمر کوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین ، سکھر ، دادو جامشورو ، سجاول، لاڑکانہ ،گھوٹکی ، جیکب آباد میں بھی بارش ہوگی۔
شدید بارشوں کے باعث سندھ کے نشیبی اور ساحلی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، میر پور خاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ سمیت کئی شہر متاثر ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم قلات ، سبی ، کوہلو ، لورالائی ، بارکھان، موسیٰ خیل ، لسبیلہ، خضدار، ژوب اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاؤہ بارش کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی توقع ہے، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، رحیم یار خان میں بارش متوقع ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ مری ، گلیات، راولپنڈی ،جہلم، چکوال، اٹک ، بہاولپور سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش ہوگی، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، کوہستان ، دیر ،سوات ، مالاکنڈ ، بونیر ، چترال ، کرم میں بارش متوقع ہے، پشاور، خیبر، اورکزئی ، صوابی ، مردان ، نوشہرہ ، خیبر سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوگی۔
بعض بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، بارشوں سے سندھ اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال مزید بگڑنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے








































