
کراچی سے 390 کلو میٹر دور سمندری طوفان ’شکتی‘ نے مزید شدت اختیار کرلی
اگلے 36 گھنٹوں تک سمندر کی حالت نہایت خراب اور خطرناک رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان ’شکتی‘ نے مزید شدت اختیار کرلی ہے، طوفان اس وقت کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 390 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شکتی مزید شدت اختیار کرگیا ہے، یہ طوفان مزید شدت اختیار کرنے کے بعد بتدریج کمزور ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساحلی اضلاع میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کے مزید شدت اختیار کرنے کے بعد بتدریج کمزور ہونے کا امکان ہے، سمندر میں شدید طغیانی کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے،
سائیکلون کے مرکز کے اطراف ہواؤں کی رفتار 110 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 36 گھنٹوں تک سمندر کی حالت نہایت خراب اور خطرناک رہنے کا خدشہ ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے