محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں جمعہ سے پیر تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ بے آف بنگال کے شمال اور اس کے گردو نواح میں مون سون کا ہوا کا کم دباؤ پیدا ہوگیا ہے جو مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے 9 اگست کی صبح کو بھارت کے علاقے گجرات پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ میرپور خاص، ٹھٹہ، حیدر آباد، کراچی، شہید بینظیر آباد ضلعے میں جمعے سے پیر تک طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس ہی عرصے میں ژوب، قلات، سبی، نصیر آباد، مکران، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں سے کراچی، ٹھٹہ اور حیدر آباد ڈویژنز سمیت قلات، سبی، ژوب، نصیر آباد ڈویژنز میں سیلاب آسکتے ہیں۔محکمے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیش گوئی پر احتیاطی تدابیر کرنے کی تجویز پیش کی۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی میں مون سون کے آغاز میں 2 روز تک بارشیں ہوئی تھیں جس کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا اور کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور مختلف سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ٹریفک کی روانی بھی بہت طرح متاثر ہوئی۔شہر میں بارش سے ندی، نالوں میں بھی طغیانی آگئی تھی جبکہ شہر سے بجلی غائب ہوگئی تھی۔








































