افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔
نائب ترجمان امارت اسلامی بلال کریمی نے کابل میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کی تصدیق کی ہے ، بلال کریمی کے مطابق کابل میں دونوں دھماکے سردارمحمد داؤد خان ملٹری اسپتال کے قریب ہوئے ۔
افغان میڈیا کے مطابق ملٹری اسپتال کے دروازے کے قریب دھماکے کے بعد داعش کے جنگجو اسپتال میں داخل ہوئے، اس دوران سردارمحمد داؤد خان ملٹری اسپتال میں داعش کے جنگجوؤں کی امارت اسلامی فورسز سےجھڑپ بھی ہوئی، اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے خودکو اسپتال کے دروازے پردھماکےسے اڑالیا۔
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ دھماکوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سردارمحمد داؤد خان اسپتال 400 بستروں پر مشتمل افغانستان کا بڑا ملٹری اسپتال ہے، اس سےقبل اس اسپتال کو 2011 اور 2017 میں بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔