بنگلا دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے تاہم میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا ہے۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 59 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر 70 کے مجموعے پر عابد علی بھی 39 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، بابر اعظم 38 اور اظہر علی 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے، کوشش ہو گی کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجایا جائے، اس پچ سے اسپنرز کو مدد ملے گی۔
دوسری جانب بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ٹیم آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے اور دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔