
چیئرمین پی سی بی کی بنگلہ دیش کے امپائرز کو پاکستان میں تربیت دینے کی پیشکش
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وفد کو نادرا کے دورے کی دعوت دی، وفد جلد پاکستان آئے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور نوجوانان اور کھیل آصف محمود سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ امور اور کرکٹ کے فروغ سے متعلق تعاون پر اتفاق کیا گیا، محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے امپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش کی۔
محسن نقوی اور آصف محمود نے ملاقات میں ویمن کرکٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت بھی کی، اس دوران یہ اتفاق بھی کیا گیا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) میں معاہدہ کیا جائے گا۔
اعلیٰ سطح کی اس ملاقات میں نوجوانوں کی اسکلز ڈیولپمنٹ اور روزگار سے متعلق مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا، اعلیٰ تعلیم، اسکالرشپ پروگرامز اور تعلیمی میدان میں تجربات سے فائدہ اٹھانے، شمسی توانائی میں جدت اور باہمی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے شناختی دستاویزات کو فول پروف بنانے اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈرجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سیکیورٹی نظام سے آگاہ کیا۔
بنگلہ دیشی مشیر کھیل آصف محمود نے نادرا کے نظام میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وفد کو نادرا کے دورے کی دعوت دی، وفد جلد پاکستان آئے گا اور نادرا کا دورہ کرے گا۔
ملاقات میں امور نوجوانان اور کھیلوں کے سیکریٹری محمد محبوب العالم، لوکل گورنمنٹ ڈویژن کے سیکریٹری محمد رضاؤل مقصود جہدی، پاکستان ایمبیسی ڈھاکا کے ناظم الامور محمد واسع، قونصلر کامران ڈھانگل، اور وزارت کے سینئر حکام موجود تھے