
نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں آج پی ٹی آئی کا جلسہ ہوگا جس کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، 1500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی دیں گے ۔
نجی ٹی وی “ہم نیوز “کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ خواتین کی چیکنگ کیلئے 110 لیڈیز اہلکار فرائض انجام دیں گی ، ڈولفن سکواڈ ٹیمیں بھی سٹیڈیم کے اطراف گشت یقینی بنائیں گی۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کے خلاف درخواست دی گئی تھی ، عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ حکام کا کام ہے وہ پی ٹی آئی کو کہاں جلسہ کرنے کی اجازت دیں،ڈپٹی کمشنر جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کیلئے درخواستوں پر فیصلہ کریں، لاہور ہائیکورٹ ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جلسے کے دوران سٹیڈیم کو نقصان پہنچا تو اس کا ازالہ تحریک انصاف کرے گی۔