
پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹریفک مینجمنٹ، حادثات پر قابو پانے، موسمیاتی صورت حال سے عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کے نظام سے پنجاب پولیس کو لیس کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دورہ جاپان سے واپسی پر منصوبے پر باضابطہ عمل درآمد کا آغاز کریں گی، پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
اس سے قبل، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹوکیو میں نیشنل پولیس ایجنسی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
مریم نواز نے نیشنل پولیس ایجنسی سسٹم کو سراہا اور کہا کہ جاپان میں امن وامان کی صورتحال قابل تقلید ہے، پنجاب میں پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے کی آزادی دی ہے، پنجاب پولیس کی معاونت اور جرائم کے خاتمے کے لئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا نیا ادارہ قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی،کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بننے کے بعد پنجاب میں پہلی مرتبہ جرائم کا گراف 70 فیصد سے بھی نیچے آچکا ہے