
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے پہلے ٹی 20 میچ کی پچ کو ’ناقابل قبول‘ قرار دے دیا
قومی ٹیم کی بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری قرار دے دیا ہے۔
پوسٹ میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ پہلے میچ کی ’پچ‘ کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں تھی، اگر آپ ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں تو یہ پچ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن اپ میں بھی کچھ فیصلے ناقابلِ معافی تھے لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں ایسی پچ کا ہونا بھی مناسب نہیں ہے، یہ انٹرنیشنل معیار کی نہیں تھی۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ایسی صورتحال میں پہلے بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ پتہ نہیں ہوتا کہ 100 رنز کافی ہیں، 130 یا پھر 150 رنز، لہٰذا میرے خیال میں یہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہے، لیکن پھر بھی اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم بہتر پرفارمنس نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی کنڈیشن میں اچھی کارکردگی دینا ضروری ہے اور یہ وہ چیز ہے جس پر آئندہ میچز سے قبل ہم بطور ٹیم غور کریں گے۔
ہیڈ کوچ کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا ہم نے زبردست آغاز کیا اور وہ شاید اس وجہ سے تھا کہ فخر زمان نے 4 سے 5 بڑے شاٹس کھیلے، جس کی وجہ سے یہ غلط تاثر پیدا ہوا کہ پچ آسان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پھر ہمارے بیٹرز نےخود کو مشکل میں ڈالا، کچھ غلط شاٹس کھیلے، جب گیند ٹرن اور تیزی سے باؤنس کرنے لگی، تو ہمیں اندازہ ہی نہیں ہوا کہ حالات مشکل ہو گئے ہیں، اس کے باوجود ہمارے بلے بازوں نے خطرناک شاٹس کھیلنا جاری رکھے۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا میرا کام یہ نہیں ہے کہ میں بنگلہ دیش کو بتاؤں کہ وہ کیا کریں، لیکن اگر آپ کھلاڑیوں کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اچھی وکٹیں بنانا ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں کئی بار اچھی وکٹیں بنائی گئیں لیکن جب انٹرنیشنل میچز ہوتے ہیں تو اکثر یہاں کی پچز بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے